18.5 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

ٹیکنالوجی کا استعمال انسانیت کی بھلائی کے لئے کیا جانا چاہئے: نائب صدر

Urdu News

نئی دہلی، نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کا استعمال انسانیت کی بھلائی کے لئے کیا جانا چاہئے۔ وہ انڈین ٹیلی کام سروس کے 2015 بیچ کے زیر تربیت افسروں کے ساتھ آج یہاں تبادلۂ خیال کررہے تھے۔ یہ افسران فی الحال غازی آباد میں واقع نیشنل ٹیلی کمیونی کیشن انسٹی ٹیوٹ فار پالیسی ریسرچ، اینوویشن اینڈ ٹریننگ (این ٹی آئی پی آر آئی ٹی) میں انڈکشن ٹریننگ حاصل کررہے ہیں۔ الیکٹرانکس واطلاعاتی ٹیکنالوجی اور قانون و انصاف کے مرکزی وزیر جناب روی شنکر پرساد اور دیگر معزز شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمارے ملک کا مستقبل ڈیجیٹل انڈیا ہے اور ہمیں خود کو اس صلاحیت سے لیس کرنا چاہئے، تاکہ ہم عوامی توقعات کی تکمیل کرسکیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کا نتیجہ آن لائن خدمات کی شکل میں برآمد ہونا چاہئے، جو تاخیر اور غلط استعمال سے پاک ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم آن لائن بنیں ورنہ ہم لائن میں لگے رہیں گے۔

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ حکومت اس ملک کے بیروزگار نوجوانوں کے لئے اسٹینڈ اَپ انڈیا، اسٹارٹ اَپ انڈیا، ڈیجیٹل انڈیا، اِنکیوبیشن ، اینوویشن جیسے متعدد اقدامات کررہی ہے۔ ہمیں حکومت کے ذریعے شروع کئے گئے ان پروگراموں سے استفادہ کرنا چاہئے اور یہ بات ثابت کرنی چاہئے کہ ہم ملازمت کے متلاشی نہیں بلکہ ملازمت دینے والے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ دنیا اسمارٹ بن گئی ہے اور ہر شخص ایل پی جی یعنی لبرلائزیشن (نرم کاری)، پرائیویٹائزیشن (نجکاری) اور گلوبلائزیشن (عالم کاری) کے ماحول میں زندگی گزار رہا ہے۔

نائب صدر جمہوریہ نے زیر تربیت افسروں سے کہا کہ وہ نئے تصورات کے ساتھ سامنے آئیں۔ انھوں نے وزیراعظم جناب نریندر مودی کا حوالہ دیا جنھوں نے یوریا کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے نیم کی پرت والے یوریا کا تصور پیش کیا۔ انھوں نے حکومت کے اقدامات ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفارمر (ڈی بی ٹی) یعنی فوائد کی راست منتقلی اور جن آدھار منی (جے اے ایم) جیسے اقدامات کا ذکر کیا، جن سے اسکالرشپ، پنشن، معاوضے کی رقم وغیرہ کی راست منتقلی میں مدد مل رہی ہے اور اس میں کوئی تاخیر یا چوری کا امکان نہیں رہتا۔ انھوں نے مزید کہا کہ چاہے ہم ٹیکنالوجی کے معاملے میں کوئی بھی ترقی کریں آخرکار اس کا مقصد انسانیت کی مدد ہونی چاہئے۔

نائب صدر جمہوریہ نے تمام زیرتربیت افسروں کو مستقبل کے لئے نیک خواہشات پیش کیں۔

Related posts

Leave a Comment

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More