نئی دہلی، صحت اور خاندانی بہبود ، سائنس و ٹکنالوجی اور ارضیاتی سائنس کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن اور محنت اور روزگار کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب سنتوش کمار گنگوار نے آج ورچوول پلیٹ فارم کے ذریعہ ’کووڈ۔ 19۔ صنعت کے لئے محفوظ کام کی جگہ سے متعلق رہنما خطوط‘ کے بارے میں ایک کتابچہ کا اجرا کیا۔ اس موقع پر نیتی آیوگ کے رکن (صحت) ڈاکٹر وی کے پال بھی موجود تھے۔
’کووڈ۔ 19۔ صنعت کے لئے محفوظ کام کی جگہ سے متعلق رہنما خطوط‘ کے اجرا پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ ’’یہ رہنما خطوط قابل تعریف ہیں اور صحیح وقت سامنے آئے ہیں۔ اس سے صنعتی ورکرز کی بہبود میں مدد ملے گی۔یہ رہنما خطوط کام کے علیحدہ علیحدہ مقامات پر کووڈ۔ 19 کے خطرے کی سطح کو شناخت کرنے میں مدد دینے اور اس پر قابو پانے کی مناسب تدابیر کا تعین کرنے میں استعمال کے لئے ملازمین اور ورکرز کے لئے ایک جامع منصوبہ بندی کی رہنمائی کے طور پر کام کریں گے‘‘۔ یہ رہنما خطوط انفیکشن پر قابو پانے کی تدابیر مثلاً ریسپریٹری ہائیجین، بار بار ہاتھ دھونا، سوشل ڈسٹنسنگ اور کام کے مقام کے بار بار سینٹائزیش کے ذریعہ کام کاج کے مقام کو محفوظ بنانے کے لئے ایکشن پوائنٹ تیار کرنے کے تمام اہم اقدامات کا احاطہ کرتے ہیں۔
وزہر صحت نے کہا ’’وزیراعظم کی قیادت میں حکومت ہند ورکرز کی بہبود کے لئے عہد بند ہیں، جبکہ ملک اقتصادی سرگرمیوں کو ان لاک کرنے کی طرف بڑھ رہا ہے، یہ بات اہم ہے کہ صنعتی احاطوں کے اندر رہنما خطوط پر عمل کیا جائے ۔ سائنس طریقے سے بچاؤ، احتیاط اور مثبت رویہ کووڈ کے خلا ہماری جنگ میں مددگار ثابت ہوں گے۔ یہ رہنما خطوط کووڈ۔ 19 کے پھیلنے سے متعلق مختلف کام کے خطرات کا جائزہ لینے، ان کی زمرہ بندی کرنے اور انہیں کم کرنے کے لئے رہنمائی اور متعلقہ منصوبہ فراہم کراتے ہیں‘‘۔
کووڈ۔ 19 کے خلاف بھارت کی جنگ کا ذکر کرتےہوئے ڈاکٹر ہرش وردھن نے بتایا کہ ’’کووڈ سے متعلق تمام معاملات میں بھارت کی کارگزاری دنیا کے بہت سے ترقی یافتہ ممالک سے بہتر ہے۔ یہاں پر صحت یابی کی شرح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اموات کی شرح میں مسلسل گراوٹ آرہی ہے، جس سے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کے ذریعہ اختیار کی جانے والی کووڈ۔ 19 پر قابو پانے کے حکمت عملی کی کامیابی کا پتہ چلتا ہے۔ یہ ملک کی تمام تنظیموں اور شہریوں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے ‘‘۔ انہوں نے ای ایس آئی سی اسپتالوں کی بھی تعریف کی جو کہ کووڈ مریضوں کو خدمات فراہم کرانے میں ایک اہم رول ادا کررہے ہیں۔
ڈاکٹر ہرش وردھن نے لوگوں سے یہ اپیل کی کہ وہ کووڈ کے لئے مناسب رویہ اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک اس انفیکشن سے پھیلنےوالی بیماری سے لڑنے کے لئے ایک ویکسین دستیاب نہ ہو جائے، ہمیں ماسک/ فیس کور، ہاتھوں کی دھلائی، فزیکل ڈسٹنسنگ کی شکل میں اپنی سماجی ویکسین پر عمل پیرا رہنے کی ضرورت ہے۔
جناب سنتوش کمار گنگوا ر نے کہا ’’صنعت ورکرز کے تحفظ کے لئے یہ رہنما خطوط لوگوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔یہ اہم ہے کہ موجودہ صورتحال کے لئے ہم ذہنی طور پر تیار ہوں اور کووڈ سے متعلق مناسب رویہ کے بارے میں بیداری پھیلائیں ‘‘۔
ڈاکٹر پال نے کہا کہ یہ رہنما خطوط صنعتی ورکر کے تحفظ کے لئے مشعل راہ کے طور پر کام کریں گے۔ کووڈ سے متعلق محفوظ رویہ کے لئے نشانہ گروپ میں ان رہنما خطوط سے بڑے پیمانے پر لوگوں کو واقف کرایا جانا چاہیے۔
محنت اور روزگار کے سکریٹری جناب ہیرا لال سمریا ، ای ایس آئی سی کی ڈائرکٹر جنرل محترمہ انو رادھا پرساد، صحت خدمات کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر سنیل کمار، صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی ایڈیشنل سکریٹری محترمہ آرتی اہوجہ اور دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔