نئی دہلی: صحت اورخاندانی بہبود کے مرکزی وزیر، ڈاکٹرہرش وردھن نے آج نئی دہلی میں آل انڈیاانسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں رضاکارانہ بلڈ ڈونیشن مہم کا افتتاح کیا۔ یوم آزادی کے موقع پراے آئی آئی ایم ایس کے ذریعہ منعقدہ یہ کیمپ ملک اورشہریوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے سپاہیوں اورکووڈ سے مقابلہ کرنے والوں کو منسوب ہے ۔ اس موقع پرمہمان خصوصی کے طورپردوخاندانو ں کو مدعو کیاگیا-ایک خاندان ایک شہیدسپاہی کا اورایمس میں کووڈ سے مقابلہ کرتے ہوئے جان کا نذرانہ دینے والے ایک سپاہی کاخاندان۔
ڈاکٹرہرش وردھن نے ایمس کے ڈائرکٹرڈاکٹررندیپ گلیریا، اوردیگرسینیئرڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ فیتہ کاٹنے اورلیمپ روشن کرتے ہوئے خون کے عطیہ دینے کے کیمپ کا افتتاح کیا۔ مرکزی وزیرصحت نے خون کا عطیہ دینے والوں کے ساتھ بات چیت کی اور انھیں بلڈ کا عطیہ دینے کی اس مہم میں شمولیت کرنے کے لئے سرٹیفیکٹ دیئے ۔ انھوں نے یوم آزادی کے موقع پر ڈاکٹروں اورصحت دیکھ بھال کے ورکروں کو بذات خود بڑی تعدادمیں خون کا عطیہ دینے کے لئے آئے اور مریضوں کی جانیں بچانے پر ان کی حوصلہ افزائی کی ۔ڈاکٹرہرش وردھن نے اس بات پراطمینان کا اظہارکیاکہ چہرے کی شیلڈ ، ماسک اوردستانے وغیرہ انتظامات سمیت کیمپ میں ہرطرح کی احتیاطی تدابیر کویقینی بنایاگیاہے ۔
ایمس کے اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے ڈاکٹرہرش وردھن نے کہا‘‘ہمارے 73ویں یوم آزادی کے اس موقع پر یہ رضاکارانہ خون کا عطیہ دینے کا کیمپ کووڈ سے لڑتے ہوئے سفید کوٹ والے سپاہیوں اور کارگل کے شہیدوں، دونوں کے لئے خراج عقیدت ہے ۔ہمیں کووڈ سے مقابلہ کرنے والے ان سپاہیوں کی لافانی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیئے جس میں ڈاکٹروں ، نرسوں اور نیم طبی عملے نے اس وباء کے دوران لوگوں کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان نچھاورکردی ۔ ’’اس موقع پرکووڈ کے سپاہی مرحوم جناب ہیرالال ، جو کہ ایمس میں اہم صحت ورکرتھے اور کارگل شہید لانس نائک راجبیرسنگھ کے خاندان کے اراکین کو ان لوگوں کی قربانی کے لئے اعزازات فراہم کئے گئے ۔
رضاکارانہ خون کے عطیہ کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے ڈاکٹرہرش وردھن نے کہا ‘‘ کووڈ ۔19وباء اور لاک ڈاون نیز اسپتال کے ماحول کے بارے میں غیریقینی صورت حال کی وجہ سے آئی پابندیوں کے تناظرمیں رضاکارانہ عطیوں اور خون کے عطیو ں کے کیمپس میں نمایاں تخفیف ہوئی تھی ۔ ایمرجنسی میں ہونے والی جراحات ، تھیلی سیمیاجیسے خون کے ڈس آرڈر س، بلڈ کینسر ، سڑک پرٹریفک حادثوں اورٹروماکے معاملات میں خون کی ضرورت پڑتی ہے ۔ ’’انھوں نے اپیل کی کہ تمام ہندوستانی خوشی پھیلانے کے لئے روزمرہ کی زندگی میں کسی نہ کسی طریقے سے عطیہ دیکر ہمارے شہیدوں کی قربانیوں کو اعزازعطاکریں ۔
کووڈ ۔19کے خلاف ہندوستان کی جنگ پرخیالات کا اظہارکرتے ہوئے ڈاکٹرہرش وردھن نے کہا‘‘ ہندوستان میں مسلسل بڑھتی ہوئی صحت یاب ہونے والوں کی شرح اور گرتی ہوئی شرح اموات کے معاملات نے ثابت کردیاہے کہ عزت مآب وزیراعظم کی مدبرانہ رہنمائی کے تحت تمام ریاستیں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں نے کووڈ ۔19کو محصورکرنے کی حکمت عملی میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ ہم نے اپنی جانچ کرنے کی صلاحیت میں کامیابی کے ساتھ اضافہ کیاہے جو آج 8.4لاکھ مائل اسٹون تک پہنچ گئی ہے اوراس میں ملک بھرمیں 1450سے زیادہ ٹیسٹنگ لیب کام کررہے ہیں ۔ مجھے علاج کے شعبے اورکووڈ ۔19کے لئے ویکسین کے شعبے میں ہونے والی سائنس کی ترقی پربھروسہ ہے اورجلد ہی ہندوستان کووڈ ۔19کے خلاف ہماری جنگ میں مزید کامیابی حاصل کرے گا۔’’