نئی دہلی،؍جون،وزیراعظم جناب نریندر مودی کی صدارت میں منعقد مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں حکومت ہند کی آیوش کی وزارت اور جمہوریہ سری لنکا کی حکومت کی صحت، تغذیہ اور مقامی ادویات کی وزارت کے درمیان روایتی طبی نظام اور ہومیوپیتھی میں تعاون کیلئے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کرنے کو منظوری دے دی ہے۔
مجوزہ مفاہمت نامے پر دستخط سے دونوں ملکوں کے درمیان روایتی ادویات اور ہومیوپیتھی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔ دونوں ملکوں کے درمیان یکساں ثقافتی وراثت کے پیش نظر یہ تعاون بڑی اہمیت کاحامل ہوگا۔
اس مفاہمت نامے میں کوئی مالی مضمرات شامل نہیں ہیں۔ اس سلسلے میں تحقیق کرنے، تربیتی کورس کرنے، کانفرنسوں؍ میٹنگوں کے انعقاد وغیرہ کیلئے آیوش کی وزارت کی موجودہ منصوبہ بند اسکیموں کے بجٹ سے ہی رقم مختص کی جائے گی۔
دونوں فریقوں کے درمیان سرگرمیوں کا آغاز دونوں ملکوں کے ذریعے مفاہمت نامے پر دستخط کے ساتھ ہی ہوجائے گا۔ دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمت نامے کی شرائط وضوابط کےتحت اقدامات کئے جائیں گے اور مفاہمت نامے کی مدت تک یہ عمل جاری رہے گا۔