نئی دہلی، صاف ستھری گنگا کے لئے قومی مشن ( این ایم سی جی) نے ٹاٹا اسٹیل ایڈوینچر فاؤنڈیشن ( ٹی ایس اے ایف ) کے ساتھ اس مقصد سے شراکت داری کی ہے کہ 40 رکنی ایک ٹیم ایک مہینے طویل کشتی رانی مہم شروع کرے گی ، جس کی قیادت ہمالیہ کی چوٹی سر کرنے والی پہلی بھارتی خاتون محترمہ بچھیندری پال کریں گی ۔ یہ مہم 5 اکتوبر ، 2018 ء کو ہری دوار سے شروع ہو گی اور 8 بڑے شہروں ، جن میں بجنور ، فرخ آباد ، کانپور ، الہٰ آباد ، وارانسی اور بکسر بھی شامل ہیں ، سمیت 8 بڑے شہروں پر احاطہ کرتے ہوئے 1500 کلومیٹر کا سفر طے کرے گی ۔ یہ مہم 30 اکتوبر ، 2018 ء کو پٹنہ ، بہار میں اختتام پذیر ہو گی ۔
آبی وسائل ، دریائی ترقیات اور گنگا احیاء کے وزیر جناب نتن گڈکری نے ویڈیو پیغام کے توسط سے اس ٹیم سے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہاکہ نمامی گنگے دریائے گنگا کی صفائی ستھرائی کے لئے جفا کشی سے کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں متعدد پروجیکٹ مثلاً گندے پانی کو صاف کرنے کا بنیادی ڈھانچہ ، گھاٹوں کو صاف کرنے کا کام ، دریا کی سطح کو صاف کرنے کے کام سے متعلق پروجیکٹ وغیرہ جاری ہیں اور تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں ۔ تاہم ، ان تمام کوششوں میں ہم سب کا تعاون بھی درکار ہے ۔ لہٰذا نمامی گنگے پروگرام کی کامیابی کے لئے عوامی شراکت کلیدی عنصرہے اور یہ مہم گنگا چوپالوں اور دیگر ملاقاتی پروگراموں کے توسط سے مقامی سطح پر بیداری پیدا کرے گی ۔ مہم میں شامل یہ ٹیم مقامی باشندوں کے ساتھ رابطہ قائم کرتی ہوئی آگے بڑھے گی ۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے این ایم سی جی کے ڈائرکٹر جنرل ، جناب راجیو رنجن مشرا نے کہا کہ ایک مہینے پر محیط اس مہم کے دوران تمام بڑے مقامات پر ٹھہرے گی اور این ایم سی جی شراکت داروں مثلاً گنگا وِچار منچ ، گنگا پرہریوں ، ضلعی گنگا کمیٹیوں ، مقامی رضا کار اداروں اور زندگی کے ہر شعبے کے افراد کے ساتھ مل کر صفائی ستھرائی کی مہمات چلائے گی ۔ بیداری مہم اسکولوں میں بھی چلائی جائے گی تاکہ اسکول کے طلباء کو گنگا کی صفائی ستھرائی کے تئیں بیدار کیا جا سکے ۔ گنگا کے کنارے کنارے گنگا چوپال جیسی تقریبات کابھی اہتمام کیا جائے گا تاکہ تمام شراکت داروں کے مابین گفت و شنید ممکن ہو سکے ۔
ٹی ایس اے ایف کے سربراہ اور ‘‘ مشن گنگے ’’ مہم کی قائد محترمہ بچھیندری پال نے کہا کہ ہماری مہم کو حکومتِ ہند کے نمامی گنگنے مشن سے ترغیب ملی ہے اور یہ مشن گنگا کی صفائی کے سلسلے میں از حد اہم قدم ہے ۔ گنگا ندی ملک میں لاکھوں افراد کے لئے زندگی کو سنبھالنے والی ندی ہے ۔ ہماری مہم کا مقصد یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں لوگوں تک رسائی حاصل کی جائے ۔ اس عظیم دریا کو اور اس کے ارد گرد صفائی ستھرائی کے کام کو مہمیز کیا جائے اور اسے مشن کے طور پر عوامی تحریک بنا دیا جائے ۔ یہ مشن چار برس پہلے شروع ہوا تھا ۔
مذکورہ 40 رکنی مہم جوئی ٹیم میں متعدد اراکین تربیت یافتہ کوہ پیما ہیں ۔ ان میں سے 7 اراکین ماؤنٹ ایوریسٹ پر بھی چڑھ چکے ہیں ۔ مختلف پس منظر کے حامل پیشہ وران ، مثلاً انجینئرنگ ، ماحولیات ، سائنس وغیرہ کے شعبے کے اراکین بھی اس میں شامل ہیں اور یہ ٹیم اپنی مہم کے دوران ان تمام چنوتیوں کا سامنا کرنے کے لئے مستعد ہے ، جو مہم کے دوران پیش آ سکتی ہیں ۔ یہ ٹیم شہروں میں اپنے قیام کے دوران گھاٹوں اور گرد و نواح کے علاقوں میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ترغیب دے کر صفائی ستھرائی کے کام میں اپنے ساتھ شریک کرے گی ۔