نئی دہلی، ایم ایم ڈی آر قانون ، 1957 اور سی ایم ایس پی قانون ، 2015 میں حالیہ ترمیم کے بعد آگے بڑھتے ہوئے کوئلے کی وزارت کوئلے کی فروخت کے لئے کوئلہ کانوں کی نیلامی کا عمل شروع کر رہی ہے ۔ کئی قسطوں میں منعقد کی جانے والی نیلامی کی پہلی قسط رواں مالی سال میں شروع کرنے کی تجویز ہے ۔ کوئلہ اور کانکنی کے مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے کہا ہے کہ یہ اقدام کاروبار میں آسانی اور کوئلہ اور کانکنی کے سیکٹر میں جمہوریت کے عمل میں اضافہ کرنے کا ایک تاریخی اقدام ہے ۔
کوئلے کی فروخت کے لئے کوئلہ کانوں کی نیلامی سے متعلق بولی لگانے کی اہم شرائط و ضوابط اور طریقۂ کار پر مبنی مسودے کے مباحثے کے کاغذات ویب سائٹ https://www.coal.nic.in/ اور https://www.coal.nic.in/content/nominated-authority پر اَپ لوڈ کر دیئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ ، کانوں کی مخصوص تفصیلات کے ساتھ ایک کانوں کی اندازاً فہرست بھی ویب سائٹ https://coalblock-is.cmpdi.co.in/pages/dashboard.php پر ڈال دی گئی ہے ۔
کوئلے کی وزارت نے دلچسپی رکھنے والے تمام فریقوں سے کہا ہے کہ وہ مباحثے کے کاغذات اور کانوں سے متعلق تفصیلات پر غور کریں اور اپنی سفارشات / مشورے فراہم کریں اور اس مباحثے کے کاغذات میں فراہم کردہ ہدایات کے مطابق پہلی قسط میں شامل کی جانے والی کانوں کے بارےمیں اپنی ترجیحات پیش کریں ۔
پچھلے ہفتے سی ایم ( ایس پی ) قانون ، 2015 اور ایم ایم ڈی آر قانون ، 1957 میں ترمیم کا ایک آرڈیننس جاری کیا گیا ہے ، جس میں کوئلے کی کانکنی سے متعلق پچھلے تجربے کی پابندیوں کو ہٹا دیا گیا ہے اور اس طرح کوئلہ کانوں کی نیلامی میں زیادہ وسیع شرکت کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ، آرڈیننس میں لائسنس اور کانکنی کے پٹے ( پی ایل – کَم – ایم ایل ) کے ذریعے غیر استعمال شدہ اور جزوی طور پر استعمال شدہ کوئلہ بلاکوں کو کانکنی کے لئے نیلامی کے قابل بنایا گیا ہے ۔ امید ہے کہ اِن اقدامات سے کوئلےکے سیکٹر میں تجارتی طور پر کانکنی کے لئے عالمی اور گھریلو کمپنیوں کو مواقع حاصل ہوں گے ۔ اس سے اقتصادی ترقی میں تیزی آئےگی اور روز گار پیدا ہوں گے ۔