نئی دہلی: زراعت اورکاشتکاروں کی فلاح وبہبود کے وزیر جناب رادھاموہن سنگھ نے آج کرشی بھون ، نئی دہلی میں سرینام جمہوریہ کے مویشی اور ماہی پروری کے وزیر جناب لیکھ رام سوئے درجن سے ملاقات کی اور سرینام کے عوام کی بھلائی کے لئے زراعت اور متعلقہ شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اورمستحکم بنانے کے لئے اپنی عہدبندگی کا اظہارکیا۔ انھوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین تاریخی اور ثقافتی تعلقات 145برس قدیم ہیں ۔ ایسے حالات میں ہندوستان اور سرینا م کے مابین لگاتارتعلقات کو استوار بنانے میں مدد ملتی ہے اوردونوں ممالک کے مابین نہ صرف دونوں حکومتوں کی سطح پر بلکہ دونوں ممالک کے شہریوں کی سطح پربھی باہمی تعلقات مضبوط ہوتے ہیں ۔ انھوں نے زراعت اور متعلقہ شعبوں میں مکمل تعاون دینے کے لئے سرینام کے اپنے ہم عہدہ کو یقین دلایا۔انھوں نے کہاکہ سال 21-2017کی مدت کے لئے زراعت پرجوائنٹ ورکنگ گروپ ( جے ڈبلیوجی ) کے ذریعہ ہندوستانی سائنسدانوں /اسکالروں کے ذریعہ سرینام جاکر تربیت حاصل کرنے /مطالعہ کرنے کا راستہ ہموار ہوگا،جس کے ذریعہ کاشت کاروں /زرعی سائنسدانوں کو زراعت سے متعلق مختلف شعبوں میں تربیت اور مطالعہ کا موقع ملے گا اور ذیلی شعبوں مثلاًخوراک ڈبہ بندی ، مویشی پروری اور ماہی پروری کے شعبوں میں بھی ایسا ہوسکے گا ۔ یہ وہی شعبے ہوں گے جو جوائنٹ ورکنگ گروپ کے دائرہ کار کے تحت آتے ہوں گے ۔
سرینام کے سفیرکے اصرار پر جناب سنگھ نے سرینام میں ہندوستانی زراعت تحقیق مرکز ( آئی سی اے آر ) کے تعاون سے چاول پرکئے جانے والے تحقیقی کام کو آگے بڑھانے کے لئے آئی سی اے آرکے افسران کو سرینام میں ہم عہدہ افسران کے ساتھ بات چیت کرنے کی ہدایت دی ۔
زراعت کے وزیر نے سرینام حکومت کے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سرینام حکومت کے ذریعہ اپنے سماج کے سبھی طبقوں کو شامل کرتے ہوئے مئی اورجون 2018 کے دوران بڑے شاندار طریقے سے سرینام میں ہندوستانیوں کی آمد کی 145ویں سالگرہ کا انعقاد کیا۔ انھوں نے سرینام میں ہندوستانی برادری کے ذریعہ ہندی زبان کے تحفظ اور اس کی ترویج واشاعت کی بھی سراہناکی ۔ انھوں نے وزیر اعظم ، جناب نریندرمودی کی پہل قدمی پربین الاقوامی شمسی اتحاد کانفرنس میں شرکت کی غرض سے اعلیٰ سطحی وفد بھیجنے کے لئے سرینام جمہوریہ کی حکومت کا شکریہ اداکیا۔