18.5 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

ہندوستانی بین الاقوامی تجارتی میلہ 2018 کا افتتاح

Urdu News

تجارت و صنعت کے وزیر مملکت جناب سی آر چودھری کے ہاتھوں آ ج نئی دہلی کے پرگتی میدان میں ہندوستانی بین الاقوامی تجارتی میلہ (آئی آئی ٹی ایف)2018  کے 38ویں ایڈیشن  کا افتتاح عمل میں آیا۔ ہندوستانی تجارت کو فروغ دینے سے متعلق تنظیم  (آئی ٹی پی او) کے ذریعے منعقدہ یہ اہم میلہ 14؍نومبر تا 27؍نومبر 2018 تک جاری رہے گا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے تجارت و صنعت کے وزیر مملکت جناب سی آر چودھری نے کہا کہ ہندوستان میں سروس سیکٹر نے کافی اہمیت حاصل کر لی ہے۔ ہندوستان اب بنیادی مصنوعات کی درآمدات کرنے والے ملک سے ثانوی اور سروس سیکٹر کی جانب منتقل ہو رہا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ملک میں پیداوار میں اضافے کے ساتھ پیداوار کامعیار قائم رکھنے کی شدید ضرورت ہے۔ اس سال کے تجارتی میلےکے مرکزی خیال ، جو کہ دیہی صنعتیں ہیں، پر اظہار خیال کرتے ہوئے جناب سی آر چودھری نے کہا کہ 40 فیصد مینوفیکچرر ملک کے دیہی علاقوں میں واقع  بہت چھوٹی، چھوٹی  اور درمیانہ درجے کی صنعتوں (ایم ایس ایم ای ) کے سیکٹر  سے ہیں، جن کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر ثقافت کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) نیز ماحولیات، جنگلات اور آب و ہو ا کی تبدیلی کے وزیر مملکت ڈاکٹر مہیش شرما بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہندوستان اب دنیا میں چھٹی سب سے بڑی معیشت کا حامل ملک ہے۔ ڈاکٹر مہیش شرما نے محدود جگہ میں اس سال کا میلہ منعقد کرنے کے لئے آئی ٹی پی او کو مبارکباد دی۔ میلے کے انعقاد کے لئے محدود جگہ اس وجہ سے ہے کہ پرگتی میدان کے احاطے میں تعمیری کام چل رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی آئی ٹی ایف ہندوستانی روایت ، ثقافت و کلچر اور کاروباری سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لئے ایک ہی چھتری کے نیچے ایک اہم موقع فراہم کرتاہے۔

ہندوستانی بین الاقوامی تجارتی میلہ (آئی آئی ٹی ایف) کا یہ ایڈیشن خصوصی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ یہ مہاتما گاندھی کی 150ویں سالگرہ کے آغاز  کو ظاہر کرتا ہے۔ وزیراعظم جناب نریندر مودی کے وژن ’سب کا ساتھ سب کا وِکاس‘  کو حقیقت  میں بدلنے کے لئے تمام ریاستیں سرکاری محکمے اور دیگر شراکت دار بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ ہندوستانی بین الاقوامی تجارتی میلہ کے پویلین کا مرکزی خیال دیہی ترقیات کی وزارت کے ذریعے قائم کیا گیا ہے۔ یہ میلہ حکومت ہند کے متعدد اقدامات میک ان انڈیا، اسٹارٹ اپ انڈیا، ڈیجیٹل انڈیا، اسکل انڈیا اور سوؤچھ بھارت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

اس میلے کے لئے ساجھیدار ملک جمہوریہ اسلامیہ افغانستان ہے، جبکہ فیڈرل  ڈیموکریٹک ریپبلک آف نیپال پر اس میلے میں   خصوصی توجہ دی جائے گی۔ علاوہ ازیں اس میلے  کے لئے خصوصی توجہ والی ریاست جھارکھنڈ ہے۔

حکومتی محکموں ، مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 800 شرکاء اس میلے میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس میلے میں دیہی آرٹسٹوں اور  فنکاروں اور ایس ایم ای کاروباریوں کی قابل قدر شرکت ہے۔ اس میلے میں  افغانستان، چین، ہانگ کانگ، کرگستان، ایران، میانمار، نیپال، نیدرلینڈ، جنوبی افریقہ، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ، ترکی ، تونیشیا ، ویتنام اور متحدہ عرب امارات جیسے ملکوں سے غیر ملکی شرکت درج کی گئی ہے۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More