نئی دہلی،؍مئی، ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل بی ایس دھنووا نے آج دولت مشترکہ کھیلوں اور انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹ فیڈریشن ورلڈ کپ میں ہندوستانی فضائیہ کے 6 کھلاڑیوں کی غیر معمولی کارکردگی کے لئے ان کی عزت افزائی کی۔ فضائیہ کے ان کھلاڑیوں نے ان کھیلوں میں ہندوستان کو تمغے دلائے تھے۔
فضائیہ کے سربراہ نے بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں ان کی غیر معمولی کارکردگی کے لئے ان کی تعریف کی۔ جے ڈبلیو او وکاس ٹھاکر اور گرو جارا نے کامن ویلتھ گیم 2018 میں ویٹ لفٹنگ مقابلے میں بالترتیب 94 کلو گرام وزن کے زمرے میں کانسے کا تمغہ اور 56 کلو گرام زمرے میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ جے ڈبلیو او روی کمار نے کامن ویلتھ کھیلوں اور 2018 کے میکسکو کے آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ میں 10 میٹر ایئر رائفل میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ اس وقت آئی ایس ایس ایف درجہ بندی میں اس کا تیسرا مقام ہے۔ فضائیہ کے ایک اور کھلاڑی شہزار رضوی نے میکسیکو میں 2018 کے آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ میں 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں سونے کا تمغہ جیتا تھا اور ایک ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا۔ر ضوی نے کوریا میں 2018 کے آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ میں 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں چاندی کا تمغہ بھی جیتا تھا۔ اس اہم کامیابی کے بعد شہزار رضوی کو اس وقت آئی ایس ایس ایف درجہ بندی میں دنیا میں پہلا مقام حاصل ہے۔ اے سی گورو رانا نے انفرادی مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا اور سڈنی میں 2018 کے آئی ایس ایس ایف جونیئر ور لڈ کپ میں 10 میٹر ایئر پسٹل میں تین ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
فضائیہ کے سربراہ نے اپنے خطاب میں کھلاڑیوں کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ وہ ملک کے نوجوانوں اور فضائیہ کے دیگر جوانوں کے لئے ایک رول ماڈل بن رہے ہیں۔ انہوں نے ان کی کارکردگی میں بہتری لانے کے سلسلے میں ان کی ٹھوس کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے فضائیہ کے جوانوں کو تربیت اور مدد فراہم کرنے کے لئے کوچوں سمیت ایئر فورس اسپورٹ کنٹرول بورڈ کو بھی مبارک باد دی۔
انڈین ائیر فورس کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے ہمیشہ ہی پیش پیش رہا ہے۔ اس سے بین الاقوامی سطح پر زیادہ کامیابی حاصل کرنے میں کھلاڑیوں کو مدد ملے گی۔