25 C
Lucknow
Online Latest News Hindi News , Bollywood News

یوگا سے متعلق صحت کے ایڈیٹروں کی تیسری کانفرنس

Urdu News

نئی دہلی، آیوش کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ  چارج) جناب شری پد یسو نائک نے نئی دہلی میں مراجی ڈیسائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوگا میں  یوگا سے متعلق صحت کے ایڈیٹروں کی تیسری کانفرنس کا افتتاح کیا۔ اس کانفرنس کا اہتمام مشترکہ طور پر مرارجی ڈیسائی نیشنل انسٹی  ٹیوٹ آف یوگا اور پی آئی بی (اطلاعات و نشریات کی وزارت) نے کیا تھا۔ یہ کانفرنس یوگا کے عالمی دن سے قبل منعقد ہوئی ہے۔ یوگا کا عالمی دن ہر سال 21 جون کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔

کانفرنس کا مقصد یوگا کے اصولوں اور عمل کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے اور ماہرین کی مدد سے یوگا کے سائنسی اور تکنیکی پہلوؤں کو اجاگر کرنا ہے۔کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ یہ لگاتار تیسرا سال ہے کہ آیوش کی وزارت اور پریس انفارمیشن بیورو کی جانب سے کامیابی کے ساتھ صحت سے متعلق ایڈیٹروں کی کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ہے۔ یہ کانفرنس یوگا کے عالمی دن کے آغاز کی ایک علامت ہے جو اس سال دہرادون میں منعقدہ کیا جائے گا۔ جناب شری پد یسو نائک نے بتایا کہ دہرا دون کو اس سال اس لئے چنا گیا ہے کیونکہ رشی کیش اور ہری دوار یوگا کے اہم مرکز مانے جاتے ہیں۔جناب نائک نے مزید کہا کہ یوگا دنیا کے لئے ہندوستان کی سب سے بیش بہا اور کلیدی وراثت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی انتہائی مصروف زندگی میں یوگا ایک متوازن اور پرامن زندگی گزارنے کا واحد راستہ ہے۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ اس سال آیوش کی وزارت 40 سے زیادہ عمر کی خواتین پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور انڈین مینو پوز سوسائٹی (آئی ایم سی) کے صلاح مشورہ سے اس عمر کے گروپ کی خواتین کے لئے یوگا پروٹوکول کو فروغ دے رہی ہے۔ اس پروگرام سے ان خواتین کو فائدہ ہوگا جنہیں اس عمر میں صحت سے متعلق مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔

میڈیا کے افراد سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ آیوش کی وزارت نے  عوام میں یوگا کو مقبول بنانے کے لئے بہت سے اقدامات کئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال اسرو یوگا کے چوتھے عالمی دن کی نقشہ کشی کرے گا۔ اس موقع پر آیوش کی وزارت کے سکریٹری ویدیہ راجیش کو ٹیچھا نے کہا کہ یوگا دن بدن مقبول ہوتا جارہا ہے لہذا وزارت نے اس کو دیکھتے ہوئے ہر ایک کو صحت مند لائف اسٹائل فراہم کرنے کے لئے بہت سے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دہرا دون میں یوگا کے عالمی دن پر ایک کرٹین ریزر کا اہتمام کیا جارہا ہے جہاں توقع ہے کہ 10 ہزار لوگ 7 جون کو یوگا کریں گے۔

انہوں نے میڈیا کو 2018 کے یوگا کے عالمی دن منانے کے لئے اس سال منعقدہ کی جانے والی سرگرمیوں کے بارے میں بھی جانکاری دی۔ سکریٹری نے کہا کہ اس سال ہر ریاست، بنیادی سطح پر یعنی ریاست/ ضلع اور ذیلی ۔ ضلع سطح پر یوگا کے پروگراموں کا اہتمام کرے گی۔

تعلیمی نظام میں یوگا کو شامل کرنے کے لئے یوگا کی مرارجی ڈیسائی یونیورسٹی اور ایمیٹی یونیورسٹی کے درمیان ایک مفاہمت نامہ پر دستخط کئے گئے ہیں تاکہ ایمیٹی یونیورسٹی میں مطالعہ اور تحقیق کا سینٹر کھولا جاسکے۔ مرار جی ڈیسائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوگا کو یوگا میں مہارت حاصل ہے جبکہ ایمیٹی یونیورسٹی کو سائکولوجی اور متعلقہ سائنسز میں مہارت حاصل ہے۔ توقع ہے کہ اس مفاہمت نامہ سے تعلیم، علاج معالجہ اور تحقیق کے لئے دونوں اداروں کو مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ اس مفاہمت نامہ سے یونیورسٹی کے ایک لاکھ 20 ہزار طلبا تک اپنی پہنچ کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی جہاں طلبا، فیکلٹی اور دیگر ممبروں میں یوگا کو مقبول بنایا جاسکتا ہے۔

قومی، علاقائی اور بین الاقوامی میڈیا تنظیموں کے تقریباً 150 ہیلتھ ایڈیٹروں اور میڈیا افراد نے کانفرنس میں شرکت کی۔ اس موقع پر پی آئی بی اور آیوش کی وزارت کے افسران بھی موجود تھے۔ اس سے پہلے میڈیا افراد کے لئے ایک گھنٹے طویل ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس میں اس بات پر توجہ دی گئی کہ کس طرح یوگا کے ذریعہ ذہنی تناؤ سے نمٹا جائے۔

Related posts

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More